براڈشیٹ کمیشن کی رپورٹ پبلک کر دی گئی

Justice (retd) Azmat Saeed

Justice (retd) Azmat Saeed

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) وفاقی کابینہ کے فیصلے کے بعد براڈ شیٹ کمیشن کی رپورٹ پبلک کر دی گئی۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں براڈ شیٹ کمیشن کی رپورٹ بھی پیش کی گئی، وفاقی کابینہ نے کمیشن کی رپورٹ پبلک کرنے کا فیصلہ کیا۔

بعد ازاں وفاقی کابینہ کے فیصلے کی روشنی میں براڈ شیٹ کمیشن کی رپورٹ کو پبلک کر دیا گیا۔

رپورٹ میں جسٹس ریٹائرڈ عظمت سعید نے نوٹ لکھا ہے کہ مارگلہ کے دامن میں رپورٹ لکھتے وقت گیدڑوں کی موجودگی بھی ہوتی تھی، لیکن گیدڑ بھبکیاں انہیں کام کرنے سے نہیں روک سکتیں۔

جیو نیوز نے براڈ شیٹ کمیشن کی رپورٹ کی کاپی حاصل کر لی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ نیب کے سوا کسی متعلقہ حکومتی ادارے نے کمیشن سے تعاون نہیں کیا۔

کمیشن کے سربراہ نے طارق فواد اور کاوے موسوی کا بیان ریکارڈ کرنا مناسب نہیں سمجھا۔

خیال رہے کہ جسٹس ریٹائرڈ عظمت سعید شیخ کی سربراہی میں بننے والے کمیشن نے براڈ شیٹ اسکینڈل کی تحقیقات کیں اور کمیشن نے 100 صفحات پر مشتمل رپورٹ تیار کر کے وزیراعظم عمران خان کو ارسال کی تھی۔

اپوزیشن جماعتوں نے جسٹس ریٹائرڈ عظمت سیعد کی سربراہی میں بننے والے کمیشن کو مسترد کر دیا تھا۔