بھائی نے بہن کی طلاق کا انوکھا بدلہ لیا

Facebook

Facebook

اسلام آباد (جیوڈیسک) بھائی نے بہن کی طلاق کا انوکھا بدلہ لیا، بہن کی طلاق کا بدلہ لینے کے لیے اس کی سوتن کا جعلی فیس بک اکاؤنٹ بنا یا، پھر قابل اعتراض تصاویر شیئر کیں، ملزم کو 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کر دیا گیا۔

بہن کو طلاق ہوئی تو بدلہ لینے کے لیے بھائی نے سوچا انوکھا طریقہ، فیس بک کو ہتھیار بنایا اوراپنی بہن کی سوتن کے نام سے جعلی فیس بک اکاؤنٹ بنا یا۔ پھراس فیس بک اکاؤنٹ پر قابل اعتراض تصاویر شیئر کرا دیں ۔صرف یہی نہیں، اپنی بہن کا جعلی فیس بک اکاؤنٹ بھی بنا یا اور اس پر بھی قابل اعتراض تصاویر شیئر کرا دیں تاکہ کسی کو اس پر شک نہ ہو۔

یہ سب کچھ بتایا ایف آئی اے حکام نے سینئر سول جج عبدالغفور کاکڑ کی عدالت میں جہاں ملزم محمد عثمان کو پیش کیا گیا ۔ وکیل صفائی نے کہا کہ ملزم سے لیپ ٹاپ اور موبائل فون کی ریکوری کے بعد جسمانی ریمانڈ کی ضرورت نہیں۔ ایف آئی اے حکام نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ملزم نے ایک ، دو نہیں ، کئی جعلی فیس بک اکاؤنٹ بنا رکھے ہیں،مزید تفتیش کے لیے جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔

عدالت نے ملزم کو 3 روز کے جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی کے حوالے کر دیا ۔ کیس کی مزید سماعت 27 فروری کو کی جائے گی ۔