پشاور (اصل میڈیا ڈیسک) خیبر پختونخوا حکومت نے بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) منصوبےکے افتتاح کے 8 ماہ بعد ‘زو’سائیکل سروس کا افتتاح کر دیا۔
خیبر پختونخوا حکومت کے مطابق زو سائیکل کی یہ سہولت پاکستان میں پہلی بار متعارف کی گئی ہے۔
پشاور کے شہری بس سے اترکر حیات آباد اور پشاور یونی ورسٹی کے اسٹیشنز سے سائیکل کرائے پر حاصل کر سکتے ہیں ، جس کا کرایہ فی گھنٹہ 30 روپے ہوگا ۔
شہری زو سائیکل 30 منٹ تک بلا معاوضہ چلا سکتے ہیں تاہم اس سے زیادہ وقت سائیکل استعمال کرنےکے لیے انہیں کرایہ دینا ہوگا جب کہ 72 گھنٹوں سے زیادہ وقت سائیکل تحویل میں رکھنا سائیکل چوری تصور ہوگی۔
32 ڈاکنگ اسٹیشنز اور 360 جدید سائیکلیں نہ صرف منفرد سفری سہولت دیں گی بلکہ یہ ماحول دوست بھی ثابت ہوں گی۔
زو سائیکل منصوبے کا افتتاح کر تو دیا گیا ہے تاہم اب بھی سائیکل ٹریک کئی مقامات سے نامکمل اور ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے۔