برسلز: کشمیر کونسل ای یو کے چیئرمین علی رضاسید نے فرانس کے دارالحکومت پیرس کے مختلف علاقوں میں دہشت گردانہ حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔
یادرہے کہ گذشتہ شب فرانس میں دہشت گردانہ حملوں کے دوران بڑی تعداد میں لوگ مارے گئے ۔ علی رضا سید نے اپنے ایک بیان میں ان واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ یہ واقعات انتہائی قابل مذمت ہیں۔ انھوں نے ان واقعات پر سخت افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ تشد د اور دہشتگردی ہرگز قابل قبول نہیں۔
انھوں نے کہاکہ یہ انسانیت، تحمل ، آزادی اور احترام آدمیت پر حملہ ہے۔ ہمیں فرانس سمیت دنیا کے ہرخطے میں دہشت گردی سے متاثرہ لوگوں کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرنا چاہیے اور محبت اور امن کے پیغام کو پھیلاناچاہیے۔ علی رضاسید نے اس موقع پر فرانس کی حکومت، عوام اور خاص طورپر ان واقعے میں مارے جانے والے افرادکے لواحقین اورزخمیوں کے ساتھ گہری ہمدردی کا اظہارکیا۔
انھوں نے مزید کہاکہ دہشت گردی ایک عالمی مسئلہ ہے اور دنیاکی سلامتی کے لیے انتہائی خطرناک ہے۔ عالمی برادری کو دہشت گردی کے خلاف متحدہوناہوگا اور اس لعنت سے چھٹکارا حاصل کرنا ہوگا۔