واشنگٹن (جیوڈیسک) اسرائیل نے برسلز میں نیٹو کے صدر دفتر میں مشن کا افتتاح کیا ہے، جس کا مقصد امریکہ کی قیادت والے اس اتحاد کے ساتھ مراسم کو مضبوط بنانا ہے۔
اسرائیلی سفارت خانے نے بتایا ہے کہ اسرائیلی سفیر برائے یورپی یونین، اہرون لیشنو یار نے جمعے کے روز اپنی اسناد نیٹو کے سکریٹری جنرل ژاں جینس اسٹولٹن برگ کو پیش کیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ سفارتی مشن تنظیم کے ساتھ اسرائیل کے تعلقات میں اضافے کا باعث بنے گا۔
دونوں حضرات نے اسرائیل اور اتحاد کے درمیان نئے مشترکہ لائحہٴ عمل پر گفت و شنید کی۔ بیان میں اس جانب توجہ دلائی گئی ہے کہ وہ حالیہ برسوں کے دوران اسرائیل اور نیٹو میں بڑھتے ہوئے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
لیشنو یار نے مزید کہا کہ’’ایک مستقل دفتر کا آغاز خطے میں امن اور استحکام کو فروغ دینے میں اسرائیل کے کردار کی غمازی کرتا ہے‘‘۔
جون میں، اسٹولٹنبرگ نے کہا تھا کہ تعاون میں پیش رفت لازمی ہے، چونکہ اسرائیل 20 برسوں سے اتحاد کا متحرک ساجھے دار رہا ہے۔