بریگزٹ: فیصلے کی گھڑی آن پہنچی

London Brexit

London Brexit

لندن (اصل میڈیا ڈیسک) برطانیہ میں آج پارلیمان کے ایک غیر معمولی اجلاس میں بریگزٹ کی نئی ڈیل پر رائے دہی ہو رہی ہے۔ کیا بورس جانسن اپنی تازہ ڈیل پر منقسم پارلیمان کی حمایت حاصل کر پائیں گے؟

برطانوی پارلیمان میں آج نئی بریگزٹ ڈیل پر رائے دہی ہو رہی ہے۔ وزیر اعظم بورس جانسن پارلیمان کے ایک غیر معمولی اجلاس میں اسی ہفتے منعقدہ یورپی یونین کے اجلاس میں طے پانے والی ڈیل کو پارلیمان میں پیش کر رہے ہیں۔ اس لحاظ سے آج ایک اہم دن ہے اور ارکان پارلیمان کے فیصلے پر اس کا دارومدار ہے کہ اکتیس اکتوبر کو برطانیہ کا یورپی یونین سے باقاعدہ اخراج، کسی ڈیل کے ساتھ ہی ہو گا یا ڈیل کے بغیر۔

برطانیہ نے قریب تین برس قبل یورپی یونین سے اخراج کے حق میں فیصلہ کیا تھا۔ اس سلسلے میں کرائی گئی ووٹنگ میں یورپی بلاک سے علیحدگی کے حق میں باون جبکہ بلاک کا حصہ رہنے کی حمایت میں اڑتالیس ووٹ ڈالے گئے تھے۔ اس وقت سے اب تک لندن حکومت اور برسلز کے مابین مذاکراتی عمل جاری ہے اور برطانوی وزیر اعظم حال ہی میں یہ کہہ چکے ہیں کہ وہ بریگزٹ کو اکتیس اکتوبر کی طے شدہ ڈین لائن پر عملی جامعہ پہنائیں گے، چاہے کوئی ڈیل ہو یا نہ ہو۔ اب گزشتہ جمعرات جانسن نے یورپی مذاکرات کاروں کے ساتھ ایک نئی ڈیل طے کی ہے، جس کی وہ آج ملکی پارلیمان سے توثیق کی کوشش میں ہیں۔

برطانیہ میں سن 1982 کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ جب ہفتے کے روز پارلیمان کا ایک غیر معمولی اجلاس طلب کیا گیا ہے۔ اسی دوران ہزاروں افراد کی جانب سے احتجاج کی بھی توقع ہے جو بریگزٹ پر ایک اور نئے ریفرنڈم کا مطالبہ کر رہے ہیں۔