اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی حکومت کی طرف سے آئندہ مالی سال 2014-15 کے وفاقی بجٹ میں مختلف اقسام کی مشینری، آلات اور ان کے پرزہ جات کی درآمد و سپلائی پر 5 فیصد سیلز ٹیکس عائد کیے جانے کا امکان ہے۔
اس ضمن میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے سینئر افسر نے بتایا کہ مختلف اقسام کی مشینری، ایکویپمنٹس اور ان کے پرزہ جات کے لیے 5 فیصد سیلزٹیکس کی نئی سلیب متعارف کرائی جارہی ہے اور سیلز ٹیکس ایکٹ میں ترمیم کرکے جس مشینری، ایکویپمنٹس اور ان کے پرزہ جات کی نشاندہی کی گئی ہے انہیں اس سلیب میں شامل کیا جائے گا۔
ذرائع نے بتایا کہ ایف بی آر کی طرف سے دی جانے والی یہ تجویز منظور ہونے کی صورت میں ایف بی آر کو 15 ارب روپے سے زائد کا اضافی ریونیو حاصل ہوگا، اس کے علاوہ یہ 5 فیصد سیلز ٹیکس نہ صرف مختلف اقسام کی مشینری، آلات اور ان کے پرزہ جات کی درآمد پر عائد ہوگا بلکہ ان کی مقامی مارکیٹ میں سپلائی پر بھی ٹیکس عائد کیا جائے گا۔