بجٹ توقعات ؛ حصص مارکیٹ پہلی بار37000 پوائنٹس کی حد عبور کر گئی

Stock

Stock

کراچی (جیوڈیسک) وفاقی بجٹ سے مثبت توقعات، سرمایہ کار دوست پالیسیوں کی امیدوں، ٹیکسٹائل سیکٹر کی نوٹیکس نوریفنڈریجیم کی بحالی اور ایم ایس سی آئی ایمرجنگ مارکیٹ میں شمولیت جیسی مثبت اطلاعات کے باعث پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں جمعہ کوبھی تیزی کاتسلسل قائم رہا ۔

جس سے ملکی تاریخ میں پہلی بارانڈیکس 37000 پوائنٹس کی حد بھی عبور کرگیا، تیزی کے باعث 56.58 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں56 ارب 14 کروڑ83 لاکھ93 ہزار444 روپے کا اضافہ ہوگیا۔

ماہرین اسٹاک کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے اقتصادی محاذ پربعض مثبت اقدامات کی توقعات پرسرمایہ کاری کے بیشتر شعبوں نے اعلان بجٹ کے باوجود اپنے من پسند شعبوں میں خریداری جاری رکھی جس سے کاروبار کے تمام دورانیے میں مارکیٹ مثبت زون میں رہی، تیزی کے سبب کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس383.86 پوائنٹس اضافے سے 37223 ہو گیا جبکہ کے ایس ای30 انڈیکس 143.91 پوائنٹس بڑھ کر 21367.98 ، کے ایم آئی 30 انڈیکس 833.01 پوائنٹس اضافے سے65483.80 اور کے ایم آئی آل شیئر انڈیکس191.24 پوائنٹس بڑھ کر 17604.14 ہوگیا۔

کاروباری حجم جمعرات کی نسبت 17.36 فیصد کم رہا اور مجموعی طور پر25 کروڑ36 لاکھ حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار387 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں219 کے بھاؤ میں اضافہ، 143 کے دام میں کمی اور25 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔