بجٹ کٹوتی کو خطرات کے خلاف دفاعی صلاحیت پر اثرانداز نہیں ہونے دیں گے: آرمی چیف

General Qamar Javaid Bajwa

General Qamar Javaid Bajwa

راولپنڈی (جیوڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہےکہ بجٹ کٹوتی کو خطرات کے خلاف دفاعی صلاحیت پر اثرانداز نہیں ہو نے دیں گے۔

ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے عید لائن آف کنٹرول پر جوانوں کے ساتھ گزاری، اس موقع پر کمانڈر راولپنڈی کور لیفٹیننٹ جزل بلال اکبر بھی آرمی چیف کے ہمراہ تھے، آرمی چیف نے فرنٹ لائن پر مامور جوانوں کے ساتھ عید کی نماز ادا کی اور اس دوران امن، قومی سلامتی اور استحکام پاکستان کے لیے خصوصی دعائيں کی گئیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے جوانوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ سپاہی کی عید اس کا یہ فخر ہے کہ وہ یوم تہوار پر بھی فیملی سے دور دفاع وطن کے مقدس فریضہ ميں مصروف ہے، وطن کے محافظوں کی پہلی فیملی پاکستانی قوم ہے،گھروں میں موجود فیملی بعد میں ہے۔

دفاعی بجٹ میں اضافہ نہ لینے سے متعلق جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ دفاعی بجٹ میں سالانہ اضافہ نہ لینے کا فیصلہ قوم پر احسان نہیں، ہم ایک ہیں اور یہ اقدام ہر قسم کے حالات میں یکجہتی کے عزم کا اعادہ ہے۔

آرمی چیف نے مزید کہا کہ بجٹ کٹوتی کو خطرات کے خلاف دفاعی صلاحیت پر اثرانداز نہیں ہو نے دیں گے اور اسے دیگر امور میں ایڈجسٹمنٹ سے پورا کیا جائے گا۔

جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ تنخواہ میں اضافہ نہ لینے کا فیصلہ بھی صرف افسران کا ہے، اس فیصلے کا جوانوں پر اطلاق نہیں ہوگا اور بجٹ کٹوتی سپاہیوں کے معیار زندگی پر اثرانداز نہیں ہو گی۔