اسلام آباد (جیوڈیسک) آئندہ مالی سال کے بجٹ میں سیلز ٹیکس کی شرح 17 فیصد برقرار رکھنے‘ انکم ٹیکس کی شرح میں معمولی ردوبدل جبکہ برآمد صنعت و دیگر مقاصد کیلیے درجنوں اشیا پر ٹیکس خاتمے‘ سگریٹ پر ایکسائز ڈیوٹی ایک روپیہ فلٹر کے حساب سے بڑھانے سمیت الیکٹرانکس اور کاسمیٹکس ودیگر پرتعیش اشیا پر ڈیوٹی میں اضافے اور کار ساز کمپنیوں کیلیے سپیئر پارٹس کی درآمد پر ڈیوٹی میں کمی کا امکان ہے۔
اتوار کو وزارت خزانہ کے ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ ہفتے کو وفاقی وزیر خزانہ اسحق ڈار کی زیر صدارت آئندہ مالی سال کے بجٹ کے حوالے سے بعض اہم فیصلے کیے گئے ہیں جبکہ ان کے مطابق مالی سال 2014-15 کے بجٹ میں سیلز ٹیکس کی موجودہ 17 فیصد کی شرح کو ہی برقرار رکھا جائے گا اور اس میں کوئی کمی نہیں ہوگی البتہ انکم ٹیکس کے بعض سلیب میں انکم ٹیکس شرح میں ردوبدل ضرور ہوگا تاہم اس میں کم آمدنی والے سفید پوش طبقے کو کوئی خاص فائدہ نہیں پہنچے گا۔
ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ ماضی میں برآمدی صنعت اور دیگر مقاصد کیلیے ٹیکس چھوٹ دینے والے ایس آر اوز پر نظرثانی کرنے والی کمیٹی کی سفارشات کے نتیجے میں درجنوں اشیا پر ٹیکس کی چھوٹ ختم کردی جائیگی جس میں برآمدی صنعت کیلیے منگوائی گئی کاریں اور دفتری اشیا (ٹی وی ریفریجریٹر‘ فوٹو اسٹیٹ مشین‘ کمپیوٹر‘ پرنٹرز وغیرہ) شامل ہیں۔ علاوہ ازیں آئندہ مالی سال کے بجٹ میں سگریٹ پر ایک روپے فلٹر کے حساب سے ایکسائز ڈیوٹی میں اضافہ کیا جائیگا جبکہ درآمدمقامی سطح پر تیار ہونے والی الیکٹرانک مصنوعات ٹی وی‘ ریفریجریٹر‘ پنکھے‘ روم کولر‘ فریزر‘ یو پی ایس‘ بیٹریاں‘ ڈسپنسر‘ جبکہ کاسمیٹکس جن میں خوشبودار صابن‘ شیمپو‘ کریم‘ پرفیوم و دیگر اشیا شامل ہیں‘ پر ٹیکس و ڈیوٹی میں 0.5 فیصد سے لے کر ایک فیصد تک اضافے کا امکان ہے۔