بجٹ کل پیش ہو گا، سٹیل، سیمنٹ، زرعی آلات اور کاسمیٹکس پر ٹیکس بڑھنے کا امکان

Islamabad

Islamabad

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق بجٹ 2014-15ء میں گاڑیوں کی درآمد پر 10 فیصد ایڈوانس ٹیکس عائد کئے جانے کا امکان ہے۔

مقامی سطح پر بھی گاڑیوں کی خریداری پر اضافی ٹیکس لگایا جا سکتا ہے۔ ذرائع کے مطابق صرف تین سال پرانی گاڑیاں درآمد کرنے کی اجازت ہوگی۔ ہائی برڈ گاڑیوں پر ٹیکس کی موجودہ شرح برقرار رہنے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق نئے بجٹ میں 240 ارب روپے کے ٹیکس اقدامات شامل ہونگے جبکہ 90 سے 100 ارب روپے مالیت کی ٹیکس چھوٹ ختم کرنے کی تجویز ہے۔ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں ایک لاکھ نئے لوگوں کو ٹیکس نوٹس بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سیلز ٹیکس کی شرح سنگل ڈیجٹ پر لانے کیلئے کمیشن کا اعلان متوقع ہے۔

مجوزہ کمیشن آئندہ مالی سال کے دوران تجاویز مرتب کرے گا۔ نئے بجٹ میں سیلز ٹیکس 17 فیصد کی شرح پر برقرار رہے گا جبکہ سیلز ٹیکس رجسٹریشن پر انعامی سکیم شروع کرنے کی تجویز ہے۔ ائرکنڈیشند دکانوں اور پلازوں کی سیلز ٹیکس رجسٹریشن لازمی ہو گی۔

خدمات کے شعبے پر 10 فیصد ود ہولڈنگ ٹیکس عائد کرنے کی تجویز ہے۔ پرچون فروشوں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کیلئے اقدامات تجویز کئے گئے ہیں۔ چارٹرڈ فلائٹس لینے والوں کیلئے ود ہولڈنگ ٹیکس 16 فیصد کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔ نئے مالی سال میں ترجیحی اور آزاد تجارتی معاہدوں پر بھی نظر ثانی کی سفارش کی گئی ہے۔