اسلام آباد (جیوڈیسک) انسداد دہشت گردی کی عدالت نے اکبر بگٹی قتل کیس کے ملزم پرویز مشرف کا 14 دن کے لئے جوڈیشل ریمانڈ منظور کرتے ہوئے جیل بھجوانے کا حکم دیا ہے، ملزم کو شہزاد فارم ہاوس میں قائم سب جیل میں ہی رکھا جائے گا۔
اسلام آباد میں انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج سید کوثر عباس زیدی کے روبرو کوئٹہ پولیس کرائم برانچ کی ٹیم پیش ہوئی اور اکبر بگٹی قتل کیس میں پرویز مشرف کی گرفتاری کا رکارڈ پیش کرتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ ملزم سابق صدر اور سابق آرمی چیف ہیں جنہیں کالعدم تنظیموں کی جانب سے جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی ملی ہیں۔
عدالتی اجازت کے بعد ملزم کو چک شہزاد فارم ہاوس سب جیل میں شامل تفتیش کیا گیا ہے، عدالت جوڈیشل ریمانڈ پر بھجوا دے۔ عدالت نے 27 جون تک ملزم کا جوڈیشل ریمانڈ منظور کرتے ہوئے اس عرصے کے دوران مقدمہ منتقل کرنے سے متعلق تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کی ہدایت کی ہے۔