کوئٹہ (جیوڈیسک) نواب اکبر بگٹی کیس میں بلوچستان حکومت نے ملزم پرویز مشرف کے کیس کی اسلام آباد منتقلی کی درخواست واپس لے لی۔بلوچستان ہائی کورٹ میں نواب اکبر بگٹی کیس کی سماعت دو رکنی بنچ نے کی ، جس میں بلوچستان حکومت نے کیس کی اسلام آباد منتقلی کی درخواست واپس لے لی۔ اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل نے عدالت کو بتایا کہ حکومت پرویز مشرف کو مکمل سیکیورٹی فراہم کرے گی۔
جس پر پرویز مشرف کے وکیل نے جواب دیا کہ کچھ دن پہلے بھی اِسی علاقے میں دھماکے ہوئے ہیں، جن کے باعث پرویز مشرف کے لیے سیکیورٹی خدشات ہیں۔ چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ قاضی فائز عیسی نے پرویز مشرف کے وکیل سے کہا کہ اسلام آباد کے میریٹ ہوٹل میں کیا ہوا تھا، کیا اس وقت دھماکے کے بعد حکومت رک گئی تھی، اس وقت کون حکومت کون کررہا تھا؟ جس کے بعد عدالت نے پرویز مشرف کیس کی اسلام آباد منتقلی کی درخواست واپس لینے پر معاملہ نمٹادیا۔