پشاور (جیوڈیسک) خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات مشتاق غنی کا کہنا ہے کہ صوبے میں بدمعاشی کی سیاست کو فروغ دیا جارہا ہے، جسے برداشت نہیں کیا جائے گا۔ مشتاق غنی کا کہنا تھا کہ عمران خان کی آرمی پبلک اسکول آمد کے موقع پر ہنگامہ کرنیوالوں کا تعلق چند سیاسی جماعتوں سے ہے، انکا اپنا ایجنڈا ہے۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ کسی سے بدتمیزی نہیں کی، شرافت کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں، بدمعاشی کی سیاست کو فروغ دیا جا رہا ہے جسے برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اسدقیصرنےکسی کو گالی نہیں دی، یہ الزام ہے۔
وزیر اطلاعات مشتاق غنی اسکول میں بچے عمران خان کا استقبال کر رہے تھے آٹو گراف لے رہے تھے، مظاہرہ کرنے والے دس بارہ لوگ ہیں جن کا شہدا سےتعلق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کے والدین کے نام پر بننے والی تنظیم کے ممبران کےنام ہمارے پاس ہیں، شہدا فورم اے این پی اور دیگر سیاسی جماعتوں کی تنظیم ہے۔
مشتاق غنی نے کہا کہ عمران خان اے پی ایس کے اساتذہ اور بچوں سے اظہار یکجہتی کیلئے آئے تھے، بچے عمران خان کیساتھ بہت خوش تھے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتیں کون ہوتی ہیں جو رہنماؤں کا راستہ روکیں، عمران خان اور وزیر اعلیٰ کا راستہ روکنا غیر اخلاقی کام تھا۔