ایک گھنٹے میں 10 کلو وزنی برگر صاف اور بل معاف

Burger

Burger

لندن: برطانیہ میں ایک ریسٹورینٹ نے تمام پیٹو حضرات کو چیلنج کیا ہے کہ وہ اس کا دیوہیکل برگر ایک گھنٹے میں کھا کر دکھائیں تو اس سے بل نہیں لیا جائے گا۔ لیکن واضح رہے کہ اس برگر کا وزن لگ بھگ 12 کلو گرام سے زائد ہے جس میں 30 ہزار حرارے (کیلوریز) موجود ہیں۔

برطانیہ کے شہر ورکنگٹن کے علاقے کومبریا میں واقع مدیحہ ٹیک اوے کے مالک کائل بارلو نےکہا ہے کہ انہیں یقین ہے کہ ایک گھنٹے میں کوئی بھی یہ برگرختم نہیں کرسکتا کیونکہ یہ خود 56 برگروں کے برابر ہے جس میں 24 پاؤنڈ گوشت اور پنیر کی بڑی مقدار شامل کی گئی ہے۔ لیکن دھیان سے کہ اس میں خنزیر کا گوشت بھی موجود ہے۔ یعنی پنیر کے 20 ٹکڑے اور خنزیر کے گوشت کے بھی 20 ٹکڑے لگائے گئے ہیں۔

کائل کے مطابق اس برگرِ اعظم میں 2000 کیلوریز کے بقدر پنیر بھرا گیا ہے اور صرف اسے ختم کرنا ہی ہی ایک بڑا چیلنج ہو گا۔ لیکن انہوں نے بتایا ہے کہ بہت سے افراد کی جانب سے اس برگر کو ایک گھنٹے میں چٹ کرجانے کی درخواستیں موصول ہورہی ہیں۔

ریستوران کے مطابق ایک شخص نے اسے کھانے کی کوشش کی لیکن تصویرسے ہٹ کر جب اس نے برگر کی اصل جسامت دیکھی تو اس کی ہمت اور اشتہا دونوں ہی ختم ہو گئے۔