سرینگر (جیوڈیسک) برہان وانی کی شہادت کے بعد مقبوضہ وادی کشمیر میں 515 افراد کو شہید کر دیا گیا۔ بھارتی ریاستی دہشت گردی کا شکار ہو کر 20 ہزار 935 افراد زخمی ہوئے جن میں سے 73 نے ہمیشہ کے لیے بینائی کھو دی۔
برہان مظفر وانی کی شہادت نے جہاں کشمیر کی تحریک آزادی میں نئی روح پھونک دی، وہاں قابض افواج کے ظلم و بربریت میں بھی بے تحاشا اضافہ ہوا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق 8 جولائی 2016ء سے اب تک ،بچوں اور خواتین سمیت 515 معصوم کشمیری بھارتی ریاستی دہشت گردی میں شہید ہو چکے ہیں۔
بھارتی فوج کے مظالم سے 20 ہزار 935 افراد زخمی ہوئے اور 757 خواتین بھارتی فوجیوں کی جنسی درندرگی کا نشانہ بن گئیں۔
پیلنٹ گنز کی فائرنگ سے 1864 لوگوں کو آنکھوں اور چہرے پر زخم آئے جن میں سے 73 افراد نے ہمیشہ کے لیے اپنی بینائی کھو دی۔ قابض فوج نے 65 ہزار 815 رہائشی مکانات اور دکانوں کو جلا کر راکھ کر ڈھیر بنا دیا۔ اس دوران 11 ہزار افراد کو گرفتار کر لیا گیا جن میں سے کئی ابھی تک پابند سلاسل ہیں۔