وادی (جیوڈیسک) مقبوضہ وادی میں بھارتی بربریت کی بھینٹ چڑھنے والے حریت کمانڈر برہان وانی کی کل پہلی برسی ہے وادی میں آج سے 13 جولائی تک احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں گی۔
تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں حریت رہنماؤں کی کال پر آج سے 13 جولائی تک احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی جا رہی ہیں، کل برہان وانی اور 13 جولائی کو 1931 کے شہید کشمیریوں کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔
کشمیری عوام ایک ہفتے تک جاری رہنے والےاس احتجاج کے دوران حق خود ارادیت اور آزادی کے حصول کی خاطر جانوں کا نذرانہ دینے والے ان حریت پسندوں کو خراج عقیدت پیش کریں گے۔ وادی میں بھارتی جبر و تشدد کے خلاف اور آزادی کے حق میں زبردست مظاہرے کئے جائیں گے۔
کٹھ پتلی انتظامیہ نے،برہان وانی کی برسی پر کشمیریوں کی آواز دبانے کے لیے حریت رہنما یاسین ملک کو گرفتار کر کے سنٹرل جیل منتقل کر دیا ہے، جبکہ سید علی گیلانی، میرواعظ عمر فاروق کو ان کے گھروں میں نظر بند کر رکھا ہے۔
گزشتہ سال 8 جولائی کو بھارتی فوج نے حریت کمانڈر برہان وانی کو شہید کر دیا تھا۔