کراچی : معروف مذہبی اسکالر جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمد نعیم نے بنگلہ دیش حکومت کی جانب سے برما کے محصورین کو کیمپ چھوڑنے کی ہدایات پر افسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہاکہ، حسینہ واجد اپنے ماضی کو یاد کرے ،مظلوموں کی آہ اسے برباد کردے گی،برما کے مظلوموں کی داد رسی عالم اسلام پر فرض ہے، جمعے 5 جون ملک بھر میں یوم احتجاج اور دعا منایا جائے
سول سوسائٹی صحافی برادری کی جانب سے احتجاج کی بھرپور حمایت کرتے ہیں ، حکومت پاکستان اور اسٹیک ہولڈرز مذمتی بیان کے بجائے برما کے مسلمانوں کی داد رسی کریں۔ جمعرات کو جامعہ بنوریہ عالمیہ سے جاری بیان میں مفتی محمد نعیم نے ائمہ مساجد و علماء کرام پر زور دیاہے کہ وہ جمعے کے روز برمی مسلمانوں کیلئے دعاؤں کا خصوصی اہتمام کریں تمام اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر برما میں ظلم کے خلاف صدائے احتجاج بلند کریں۔ انہوںنے کہاکہ اقوام متحدہ سمیت دنیاکاہرادارہ مسلمانوں کے ساتھ دہرامعیاراپنا رکھاہے کسی کو بھی مسلمانو ںپر ہونے والے مظالم دکھائی نہیں دیتا۔
عالمی برادری اس وقت تک نوٹس نہیں لیتی جب تک مسلمانوںکی نسل کشی کی ہرممکن کوشش پوری نہ ہوچکی ہو ،انہوںنے کہاکہ برما میں انسانیت سوز مظالم آج کی بات نہیں بلکہ گذشتہ کئی سالوں سے وہاںمسلمانوںپر ظلم و زیادتی کے پہاڑ ڈھائے جارہے ہیں مظلوموں پر زمین تنگ ہے ، ہزاروں لوگ بیابانوں پر جانوروں سی زندگی گزارنے پر مجبور ہے ہیں ، لاکھوں نوجوان غائب اور لاکھوں شہید ہوچکے ہیں ، ہزاروں عورتوں کی عزتیں لوٹ چکی ہیں اور انسانیت سوز ظلم کا نشانہ بنی ہیں ،اس کے باوجود عالمی برادری ا ور انسانی حقوق کے علمبردار خاموشی سے برمی مسلمانوں کے بے بسی ولاچاری کو دیکھ رہے ہیں۔
دوسری جانب پڑوسی ممالک مظلوموں کو اپنے ممالک میں گھسنے بھی نہیں دے رہے ہیں جس کی وجہ سے ہزاروں برمی مسلمان ایڈیمان کے جزیرے میں بے یار ومددگارہیں۔ انہوں نے کہاکہ اس وقت برمی مسلمانوںکو جس صورتحال کا سامنا ہے ایسی صورت میں مسلمانوں کے ہر فرد پر لازم ہے کہ وہ حسب توفیق اس ظلم کے خلاف آواز بلند کرے اور عالمی برادری سے پوچھا جائے انسانیت سوز ظلم پروہ خاموش کیوں ہیںاور مسلم حکمرانوں پر زور دیا جائے کہ وہ برما کی صورتحال کے حوالے سے عالمی سطحی پر آواز بلند کرے۔
انہوںنے کہاکہ مسلمان برمی مسلمانوں پر ظلم کے خلاف احتجاج کیلئے اٹھ کھڑے ہوجائیں اور اپنے اپنے دائرہ کار کے مطابق برمی مسلمانوں کی داد رسی کا فریضہ انجام دیں ، مفتی محمد نعیم نے وزیر اعظم نوازشریف ودیگر پاکستانی اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیاہے کہ وہ برمی مسلمانوں پر ظلم کے خلاف مذمتی بیانات کے بجائے عالمی سطحی پر اس مسلئے کو اٹھائیں اور اس کے حل پر توجہ دلائی جائے۔