فیصل آباد :انجمن تاجران منٹگمری بازار کے صدر حافظ طاہر جمیل میاں نے کہا ہے کہ تاجر برادری کی مشاورت کے بغیر نئے ٹیکسوں کے نفاذ اور ڈیوٹیوں کی شرح میں اضافہ نہ کیا جائے ،آئی ایم ایف کی ایما پر ریونیو میں اضافہ کیلئے 40ارب کے ٹیکس کا نفاذ ناقابل قبول ہے۔
تاجر برادری ٹیکسوں میں بے جا اضافہ کے فیصلہ کو مسترد کرتی ہے توانائی بحران کی موجودگی میں تاجر برادری کے لیے نئے ٹیکس کسی بھی صورت قابل قبول نہ ہیں۔نئے ٹیکسوں کے نفاذ سے توانائی بحران کا شکار صنعتی شعبہ بری طرح متاثر ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ریونیو کو بڑھانے کیلئے پہلے سے موجود ٹیکس دہندگان پر مزید ٹیکسوں کا بوجھ ڈالنا سراسر زیادتی ہے ٹیکسوں کے نفاذ کے ساتھ ساتھ 313 اشیاء پر ریگولیٹری ڈیوٹی میں اضافہ سے سمگلنگ کی حوصلہ افزائی ہوگی اور انڈر انوئسنگ بھی کنٹرول میں نہیں رہے گی جس کا لازمی اثر حکومت کے ریونیو میں کمی کی صورت میں نمودار ہوگا۔
جس سے حکومت معاشی استحکام کی بجائے معاشی بدحالی کا شکار ہوجائے گی۔انہوںنے کہا کہ حکومت ریگولیٹری ڈیوٹی کا نفاذ ان اشیاء پر کرے جن پر ریگولیٹری ڈیوٹی نہ ہے جن اشیاء پر ریگولیٹری ڈیوٹی پہلے سے موجود ہے ان اشیاء پر ریگولیٹری ڈیوٹی میں اضافہ نہ کیا جائے۔