اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے وزیراعظم نواز شریف کی طرف سے بجلی اور گیس چوروں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کے احکامات جاری کرنے کا خیر مقدم کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بجلی اور گیس چوروں کو پکڑنے کیلئے حکومت کے ہر اقدام کی بھرپور حمایت کی جائے گی۔
اسلام آباد کی تاجر برادری کا اجلاس اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈآف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ظفر بختاوری کی زیر صدارت ہوا۔ جس سے خطاب کرتے ہوئے ظفر بختاوری نے کہا کہ نیپرا کی اپنی رپورٹ کے مطابق پاکستان کو بجلی چوری کی وجہ سے ہر سال 40 ارب روپے کا نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے جبکہ حکومت پاور سیکٹر کو سالانہ 394 ارب روپے سبسڈی کی مد میں مہیا کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بجلی کی قلت کی وجہ سے صنعتی و تجارتی سرگرمیوں پرشدید منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں اور معیشت کی ترقی کا عمل سست روی کا شکار ہوا ہے۔ لہذا اگر بجلی چوری کے خطرناک رجحان کو روکنے کیلئے فوری اصلاحی اقداما ت نہ اٹھائے گئے تو حکومت کی طرف سے توانائی بحران پر قابو پانے کی تمام کوششیں ناکام ہو جائیں گی۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت جدید ٹیکنالوجی اور سمارٹ میٹرز متعارف کرانے کے ساتھ ساتھ بجلی اور گیس کی چوری روکنے کے حوالہ سے ایک قومی مہم کا آغاز کرے اور سخت قوانین بنائے تاکہ ملک دشمن عناصر کو عبرتناک سزا ملے۔ تاجروں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ حکومت تمام صوبوں میں مساوانہ لوڈشیڈنگ کا بندوبست کرے تاکہ صنعتکار اپنے پیداواری شیڈول کو اس کے مطابق ایڈجسٹ کر سکیں اور عوام بھی بجلی کی قلت سے نمٹنے کیلئے مناسب انتظامات کر سکیں۔