کراچی (جیوڈیسک) عروس البلاد کراچی کو کبھی خوبصورت روشنیوں کی نسبت سے ’’روشنیوں کا شہر‘‘پکارا جاتا تھا ،جس کے دن اور راتیں جاگتی تھیں، جس کی سڑکیں روزانہ دھوئی جاتی تھیں،یہ روایتوں کا امین شہر تھا جس کا چہرہ کچھ عرصے سے دہشت گردی کی وارداتوں سے دھندلا گیا تھا ،آج ایک بار پھر اپنے پرانے ماضی کی طرف لوٹ رہاہے۔
کراچی کی راتیں ایک بار پھر جاگنا شروع ہوگئی ہیں، گلیوں میں کرکٹ اور فٹبال کا ہلہ گلہ اور مساجد میں شبینوں میں نماز تراویح پڑھنے والوں کا رش اس بات کو ثابت کرتا ہے کہ کراچی کے شہری وقتی حادثات کو فراموش کرکے ایک بار پھر زندہ دلی کی جانب لوٹ رہے ہیں۔ کراچی میں رمضان شروع ہوتے ہی ہر جانب اس کا سماں نظر آتا ہے۔
دن بھر بند رہنے والے یا ظہر کے بعد کھلنے والے چھوٹے ریستوران اور بڑے ہوٹل چاہے وہ چائے والے ہوں یا کھانا فراہم کرنے والے وہ پورے رمضان سحری تک کھلے رہتے ہیں جو غریب غربا کو بھی کھانا فراہم کرتے ہیں اور مرغ مسلم کھانے والوں کو بھی لذت کام و دہن کا موقع دیتے ہیں۔ کراچی میں بظاہر کوئی سرکاری فوڈ اسٹریٹ نہیں ہے لیکن مختلف علاقوں میں موجود ہوٹلوں نے از خود فوڈ اسٹریٹ کا روپ اختیار کرلیا ہے جن میں سرفہرست برنس روڈ ہے۔
جہاں دہلی برادری سے تعلق رکھنے والے افراد نے اس فوڈ اسٹریٹ کو شہر میں نمایاں مقام دلا رکھا ہے۔برنس روڈ پر انواع اقسام کے کھانے دستیاب ہیں جن میں بریانی، نہاری،حلیم، روسٹ،گولہ کباب،سجی سمیت میٹھے کی متعدد اقسام شامل ہیں، یہاں دہی بڑے،چھولوں کی چاٹ، چائے اور لسی کی بھی نمایاں فروخت ہوتی ہے۔
اہل ذوق افراد شہر کے مختلف علاقوں سے آکر یہاں سحری کرتے ہیں۔ کراچی کی مختلف سڑکوں اور بازاروں میں اہل ثروت افراد اور مذہبی رجحان رکھنے والے شہریوں کی جانب سے افطار کے دستر خوان سجا دیے جاتے ہیں جن سے تمام لوگ استفادہ کرتے ہیں، سڑکوں پر لوگ افطاری کے سامان سے بھرے ہوئے تھیلے پکڑ کر کھڑے ہوجاتے ہیں۔ جیسے ہی افطار کا وقت قریب آتا ہے۔
وہ گاڑیوں میں سفر کرنے والے افراد میں افطاری کا سامان تقسیم کرنا شروع کردیتے ہیں جن میں کھجور، سموسے، کیلے، کٹے ہوئے دیگر پھل، مختلف اقسام کے جوسز، پکوڑے، جلیبیاں اور دیگر اشیا شامل ہیں۔ یہاں سحری کے لیے آنے والوں میں فیملیز اور دوستوں کی ٹولیاں شامل ہیں جو نہایت اہتمام سے یہاں آتے ہیں اور سحری کرکے لطف اندوز ہوتے ہیں۔ واضح رہے کہ کراچی میں کھانے پینے کے کئی مراکز قائم ہیں جن میں حسین آباد، کھارادر، راشد منہاس روڈ، محمد علی سوسائٹی، سپرہائی وے، ڈیفنس، کلفٹن اور دیگر علاقوں کی فوڈ اسٹریٹس شامل ہیں۔