کراچی (جیوڈیسک) رن پٹھانی اسٹیشن کے قریب بزنس ٹرین اور مال گاڑی کے ٹکرانے سے اسسٹنٹ ڈرائیور جاں بحق جبکہ ڈرائیور اور گارڈ زخمی ہو گئے۔
کراچی کینٹ اسٹیشن سے روانہ ہونے والی بزنس ٹرین حیدر آباد کے قریب رن پٹھانی کے ٹریک پر کھڑی مال گاڑی سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں بزنس ٹرین کا اسسٹنٹ ڈرائیور جاں بحق جبکہ ڈرائیور اور مال گاڑی کا گارڈ زخمی ہو گئے، جائے وقوعہ پر مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کارروائیاں شروع کر کے حادثے میں جاں بحق اسسٹنٹ ڈرائیور اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا۔
ریلوے حکام کے مطابق بزنس ٹرین کراچی سے لاہور کے لیے روانہ ہوئی تھی اور مال گاڑی بھی پنجاب کی جانب رواں دواں تھی تاہم دونوں گاڑیوں کے ایک ہی ٹریک پر ہونے کے باعث حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں مال گاڑی کی پانچ بوگیوں اور بزنس ٹرین کے انجن کو بھی نقصان پہنچا، حادثے کی تحقیقات کے لیے ڈپٹی ڈی ایس ریلوے کی سربراہی میں تین رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جبکہ کینٹ اسٹیشن پر ٹرینوں کی آمدورفت کو بحال کر دیا گیا ہے۔