متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے ایم کیوایم کے کارکنان کے قتل کے خلاف ملک بالخصوص سندھ بھر میں یوم سوگ کے موقع پر بھرپور تعاون کرنے پر تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے تاجروں، دکانداروں ،ٹرانسپورٹرز اور زندگی کے دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد سے اپیل کی ہے کہ وہ بعد نمازجمعہ اپنا کاروبار ، دکانیں، ٹرانسپورٹ اوردیگر سرگرمیاں معمول کے مطابق شروع کردیں۔
رابطہ کمیٹی نے کہا کہ ایم کیوایم کے لاپتہ کارکن آصف احمد کے ماورائے عدالت قتل اور مسلح دہشت گردوں کے ہاتھوں ایم کیوایم کے کارکنان محمد حسین اورمحمد مسلم کے بہیمانہ قتل کے خلاف کراچی سمیت سندھ بھر کے تاجروں، صنعتکاروں، دکانداروں، ٹرانسپورٹرز اور زندگی کے دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے ایم کیوایم کی اپیل پر شہدا کے لواحقین سے یکجہتی کا اظہار کیا اور ماضی کی طرح ایم کیوایم سے بھرپور تعاون کرکے یوم سوگ کو کامیاب بنایا۔
رابطہ کمیٹی نے کہا کہ ایم کیوایم کی اپیل پر تاجروں، صنعتکاروں، دکانداروں، ٹرانسپورٹرز اور زندگی کے دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے ایم کیوایم کے بے گناہ کارکنان کے قتل کے خلاف احتجاجا اپنی کاروباری اور دیگر سرگرمیاں بند رکھ کر ثابت کر دیا ہے کہ وہ حق پرستی کی اس جدوجہد میں ایم کیوایم کے ساتھ ہیں۔ رابطہ کمیٹی نے تاجروں، دکانداروں اور ٹرانسپورٹ برادری سے اپیل کہ وہ بعد نماز جمعہ اپنا کاروبار، ٹرانسپورٹ اوردیگر سرگرمیاں معمول کے مطابق شروع کردیں۔