کراچی (اسٹاف رپورٹر) انجمن تاجران قائد آباد خلد آباد کے صدر عبدالحمید قریشی نے قائد آباد کے تاجر اے اے الیکٹرونکس کے مالک زاہد حسین قریشی کی دوران ڈکیتی مزاحمت پر ڈاکوئوں کی گولیاں لگنے سے شہادت پر اسے تاجر برادری کا ناقابل تلافی نقصان قرار دیتے ہوئے کہا کہ قائدآباد اور اطراف کے تجارتی مراکز جرائم پیشہ عناصر کی آماجگاہ بنے ہوئے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرحوم کی تدفین کے بعد اُن کی رہائش گاہ پر ورثا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر تاجر تنظیموں کے عہدیدران بھی موجود تھے عبدالحمید قریشی نے کہاکہ ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی وجہ سے تاجر اور صارفین عدم تحفظ کا شکار ہیں۔
انہوں نے رینجر اور پولیس کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ قائد آباد اور اس سے ملحقہ آبادیوں میں جرائم پیشہ عناصر کا خاتمہ کیا جائے اور تجارتی مراکز میں سیکورٹی کے انتظامات کو بہتر بنا نے کے لئے رینجر اور پولیس کی نفری بڑھائی جائے عبدالحمید قریشی نے تاجر زاہد قریشی کے ورثا کو یقین دلایا کہ زاہد قریشی کے قاتلوں کی گرفتاری اور عبرتناک سزا تک قائد آباد کے تاجر چین سے نہیں بیٹھیں گے۔