لاہور (جیوڈیسک) سلمان بٹ نے محمد عامر کی تعریفوں کے پل باندھ دیے، ان کا کہنا ہے کہ پیسر کی ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی محمد علی کی طرح ہوگی، وہ دورہ انگلینڈ میں پاکستان کے اہم ترین بولر ثابت ہوسکتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق گرین کیپس کا انگلش ٹیم سے پہلا ٹیسٹ14جولائی کو شروع ہوگا جس میں خاص طور پر محمد عامر پر نگاہیں مرکوز ہوںگی، پیسر اسی جگہ سے ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی کررہے ہیں جہاں پر ان سمیت سلمان بٹ اور محمدآصف کو 2010 میں اسپاٹ فکسنگ کے جرم میں پکڑے جانے پر جیل کی ہوا کھانا پڑی تھی،ساتھ آئی سی سی کی جانب سے پابندی بھی عائد ہوئی، غیرملکی نیوز ایجنسی کو ایک انٹرویو میں سلمان بٹ نے محمد عامر کیلیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
سابق کپتان نے کہا کہ عامر کو کھیل پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے، وہ محدود اوورزکی کرکٹ میں اچھی بولنگ کر چکے ہیں، ٹیسٹ میں بھی کارکردگی بہتر رہے گی،انھوں نے کہا کہ طویل عرصے تک کھیل سے دوری کئی لحاظ سے نقصان دہ ہوتی ہے لیکن اس کا انحصار خود شخصیات پر بھی ہوتا ہے، اگر انھوں نے وہی جذبہ اور عزم دکھایا جس طرح کا محمد علی نے معطلی کی سزا ختم ہونے کے بعد دکھایا تھا تو وہ کامیاب ہوسکتے ہیں۔
یاد رہے کہ ہیوی ویٹ چیمپئن عظیم باکسر محمد علی کو ویتنام میں امریکی فوج میں شمولیت سے انکار پر1967 سے 1970 تک باکسنگ سے معطل کیا گیا تھا۔سلمان بٹ نے اعتراف کیا کہ محمد عامر کو انگلینڈ میں برے رویہ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے لیکن ان سب چیزوں کو نظر انداز کرنا ہو گا،اگر پیسر کوئی ردعمل دکھائے بغیر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں تو لوگ دوبارہ ایسا نہیں کریں گے، اس میں کوئی شک نہیں کہ محمد عامر انگلینڈ کیخلاف پورے دورے میں پاکستان کے اہم ترین بولر ثابت ہوسکتے ہیں۔