ڈیرہ غازیخان (جیوڈیسک) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا سینیٹ کے منتخب ارکان سے خرید و فروخت میں ملوث نہ ہونے کے حلفیہ بیان کا مطالبہ، کبھی عدالتوں میں گھسیٹا گیا اور کبھی فیصلے ہوئے، عدالت کے بہت سے فیصلے تاریخ قبول نہیں کرتی۔ انہوں نے کہا مسلم لیگ نون کو کام نہیں کرنے دیا گیا، سازشوں اور حکومت ہٹانے کا جواب پولنگ سٹیشن میں دینگے، سیاست کے فیصلے عوام پر چھوڑ دیں۔
شاہد خاقان عباسی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا 15سال کی خرابیاں 5 سال میں دور نہیں ہوتیں، زرداری نے جو پاکستان کے ساتھ کیا وہ سب جانتے ہیں، سیاست جیبیں بھرنے والوں کے حوالے کر دی تو پاکستان ترقی نہیں کریگا۔ ان کا کہنا تھا ہم نے مل کر الیکشن میں حصہ لینا ہے اور ن لیگ کو کامیاب کرانا ہے، ہمیشہ عوام کا فیصلہ ہی سر آنکھوں پر رکھا جاتا ہے۔
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے سینیٹ کے منتخب ارکان سے خرید و فروخت میں ملوث نہ ہونے کے حلفیہ بیان کا مطالبہ کردیا۔ انھوں نے کہا کہ ایسا چیئرمین سینیٹ نہیں ہونا چاہیئے جو ووٹ خرید کر آئے۔ سیاسی فیصلے عوام کو کرنے دیے جائیں، سیاسی فیصلے عدالتوں میں نہیں ہونے چاہئیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ماضی کی حکومتوں نے صرف وقت ضائع کیا، کوئی کام نہیں کیا، عام انتخابات میں نون لیگ ہی کامیاب ہوگی، ن لیگ اور نواز شریف کے کام عوام کے سامنے ہیں، سڑکیں، سکول ہسپتال بنائے جا رہے ہیں، ماضی کی حکومتیں بھی یہ کام کر سکتی تھیں لیکن پاکستان میں کسی بھی جگہ صرف ن لیگ اور نواز شریف کے کام نظر آتے ہیں۔
شاہد خاقان عباسی نے مزید کہا کہ عوام نے نواز شریف کے حق میں فیصلہ کیا،لیکن انہیں ہٹا دیاگیا، یہ پاکستان کی روایت نہیں، اس سے سیاست کو عزت نہیں ملے گی، اس روایت کو ختم کرنے کی ضرورت ہے، جب تک سیاسی استحکام نہیں ہو گا وہ ملک ترقی نہیں کر سکتا۔