پشاور (جیوڈیسک) خیبر پختونخوا میں قومی اسمبلی کی پانچ اور صوبائی اسمبلی کی چار خالی نشستوں پر ضمنی انتخابات کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا عمل آج سے شروع ہو گیا۔ الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری شیڈول کے مطابق ضمنی انتخابات کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا عمل 9 جولائی تک جاری رہے گا۔ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 11 سے 17 جولائی تک ہوگی۔ اپیلوں کی سماعت 22 جولائی سے شروع ہو گی اور 29 جولائی تک جاری رہے گی۔
کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 31 جولائی ہے جبکہ پولنگ 22 اگست کو ہونگے۔ خیبرپختونخوا میں قومی اسمبلی کی پانچ خالی نشستوں پر انتخابات ہوں گے جن میں این اے ون پشاور ون، این اے 5 نوشہرہ اور این اے 13 صوابی، این اے 25 ڈیرہ اسماعیل خان ٹانک اور این اے 27 لکی مروت شامل ہیں جبکہ چار صوبائی اسمبلی کی نشستوں پی کے 23 مردان اورپی کے 27 مردان، پی کے 42 ہنگو اور پی کے 70 بنوں پر ضمنی انتخابات ہونگے۔