ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ فوج کی نگرانی میں ہونے والے ضمنی انتخابات کے نتائج کو کھلے دل سے تسلیم کیا جائے، سب نے دیکھ لیا کہ سونامی کہاں گئی۔ اپنے ایک بیان میں الطاف حسین کا کہنا تھا کہ وہ ضمنی انتخابات میں کامیابی پر پیپلز پارٹی کے سربراہ آصف علی زرداری، مسلم لیگ ن کے سربراہ میاں نواز شریف اور دیگر جماعتوں کے قائدین کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج زمین و آسمان، چرند پرند، انسانوں سب نے دیکھ لیا کہ سونامی کہاں گئی اوریہ جس ایم کیو ایم کو ختم کرنے چلے تھے وہ آج بھی اپنی پوری آب وتاب کے ساتھ موجود ہے۔ الطاف حسین نے کہا کہ پاکستان انتہائی نازک دور سے گزر رہا ہے۔ ملک کو اندرونی اور بیرونی خدشات لاحق ہیں۔ ان حالات میں ملک و قوم کسی بھی قسم کی محاذ آرائی کے متحمل نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے کہا کہ ایک دوسرے کے مینڈیٹ کو تسلیم کرنا ہو گا۔