ضمنی انتخابات شفاف اور پر امن رہے : قائم مقام چیف الیکشن کمشنر

Chief Election Commissioner

Chief Election Commissioner

اسلام آباد (جیوڈیسک) قائم مقام چیف الیکشن کمشنرجسٹس تصدق حسین جیلانی کا کہنا ہے کہ ملک کی تاریخ کے سب سے بڑے ضمنی انتخابات شفاف اور پر امن رہے، فوجی افسران کو مجسٹریٹ کے اختیارات استعمال کرنے کی ضرورت نہیں پڑی۔ اسلام آباد میں ذرائع سے خصوصی گفتگو میں قائم مقام چیف الیکشن کمشنر جسٹس تصدق حسین جیلانی نے بتایا کہ پرامن اورشفاف انتخابات کے انعقاد کیلئے کئی اقدامات کیے گئے تھے۔ ایک ہزار آٹھ سو چالیس حساس پولنگ اسٹیشنوں پر تعینات فوجی افسران کو ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ جوڈیشل مجسٹریٹ کے اختیارات بھی دیے گئے۔

وہ کسی بھی غیر قانونی اقدام پر موقع پر ہی سزا دے سکتے تھے تاہم انھیں مجسٹریٹ کے اختیارات استعمال کرنے کی ضرورت نہیں پڑی جبکہ کسی بھی شکایت کے فوری ازالے کیلئے ہائی کورٹس میں خصوصی سیل بھی بنائے گئے تھے۔ایک سوال پران کاکہناتھا کسی بھی ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر، ریٹرننگ آفیسر یا پریزائڈنگ آفیسر کے خلاف بھی کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی۔

چیف الیکشن کمشنر نے بتایا کہ انھوں نے انتخابات کے دوران چاروں صوبوں کا دورہ کیا اور بذات خود پولنگ اسٹیشنز پر جا کر تمام عمل کو مانیٹر کرتے رہے اورمسائل کی نشاندہی پر فوری ایکشن لیا گیا۔نوشہرہ اور لکی مروت میں خواتین کو ووٹ نہ ڈالنے دینے کے معاملے اور ذرائع کو کوریج کی اجازت نا دینے کا بھی فوری نوٹس لیا گیا اور شکایات کا ازالہ کیا گیا۔