امریکہ (جیوڈیسک) غیر ملکی خبر رساں ادارے نے دعوی کیا ہے کہ سی آئی اے گزشتہ سال سے شامی باغیوں کوخفیہ جنگی تربیت فراہم کر رہی ہے۔ مشرق وسطی میں امریکہ عالمی قوانین کے خلاف اپنے اثر و نفوذ کے لئے عرب اتحادیوں کی مدد سے شام کے امن و استحکام کو اپنے عالمی مقاصد کے لئے استعمال کرنا چاہتا ہے اس بات کا انکشاف عرب ٹی وی نے کرتے ہوئے بتایا کہ شامی باغیوں کو امریکی جاسوس ادارے سی آئی اے، ترکی اور اردن کے خفیہ اڈوں پر اینٹی ٹینک اور فضائی دفاعی میزائل فراہم کرکے تربیت دی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق شام کے باغی جنگجوں اور فوجیوں پر مشتمل جیش الحر کو روسی ساختہ فضائی دفاعی میزائل نظام مل گیا ہے۔ اب تک اس بات کا پتہ نہ چل سکا ہے کہ جیش الحر کو روسی ساختہ جدید میزائل شکن فضائی دفاعی نظام کہاں سے ملے ہیں۔
جیش الحر کی فوجی کمان کے سربراہ سلیم ادریس نے اپنے بیان میں انکشاف کیا تھا کہ انھیں ایسے ہتھیار مل گئے ہیں جن سے زمین کی طاقت کا توازن تبدیل ہوجائے گا۔ دوسری جانب شام کے تنازعہ پراقوام متحدہ کی تحقیقاتی کمیشن کے سربراہ نے کہا کہ شامی باغیوں کو اسلحہ فراہم کرنے سے خطے میں کشیدگی بڑھے گی۔