سپریم کورٹ نے پابندی کے باوجود سی این جی اسٹیشن کے لائسنس کے اجرا پر ازخود نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ اداروں سے جواب طلب کرلیا۔ چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے نے ایک اخبار میں شائع ہونے والی خبر کے حوالے سے رجسٹرار کے نوٹ پر ازخودنوٹس لیا تھا۔
خبر میں دعوی کیا گیا ہے کہ سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف اور یوسف رضا گیلانی نے پابندی کے باوجود سینکڑوں کی تعداد میں سی این جی اسٹیشنز کے لائسنس عزیزواقارب کو جاری کیے جس میں اربوں روپے کی کرپشن شامل ہے۔
خبر کے مطابق بیوروکریسی ریکارڈ میں ردوبدل بھی کررہی ہے۔ چیف جسٹس نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس حوالے سے تفصیلی جواب دس اپریل تک جمع کرائیں۔ مقدمے کی مزید سماعت دس اپریل تک ملتوی کردی گئی۔