سی پیک: چین نے اپنی کرنسی میں تجارت کا مطالبہ کر دیا، جائزہ لے رہے ہیں، احسن اقبال

 Ahsan Iqbal

Ahsan Iqbal

اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ، منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ سی پیک سے ہر صوبے کو پورا حصہ ملے گا۔ اقتصادی راہداری کسی کے خلاف سازش نہیں، دنیا کا ہر ملک سی پیک سے فائدہ اٹھا سکتا ہے۔ پاک چین تجارت میں ڈالر کے بجائے چینی کرنسی کے استعمال پر غور کر رہے ہیں کیونکہ اس طرح بار بار کرنسی تبدیل نہیں کرنا پڑے گی۔ چین نے پاکستانی طلبا کو پی ایچ ڈی کے لیے یونیورسٹیوں میں داخلے دینے کی پیشکش کی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو چین پاکستان اقتصادی راہداری کے طویل المیعاد منصوبہ کے افتتاح کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر پاکستان میں چین کے سفیر ژاؤ ژنگ سمیت وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے عہدیدار، کاروباری اور صنعت کے نمائندے، ماہرین تعلیم، ذرائع ابلاغ اور دوسری ممتاز شخصیات بھی موجود تھیں۔

وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ ملک میں تیز تر ترقی، خوشحالی کیلئے سیاسی استحکام اور پالیسیوں کا تسلسل ضروری ہے۔ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے طویل المیعاد منصوبے کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ موجودہ حکومت کے اقدامات سے ملک تیزی سے ترقی کر رہا ہے۔ احسن اقبال نے کہا پاکستان میں کوئی غیر ملکی کرنسی چلانے کی تجویز نہیں ہے۔ چین کی خواہش ہے پاکستان اور چین کے درمیان تجارت ڈالر کے بجائے چینی کرنسی (آر ایم بی) میں ہو۔ اس تجویز کا دونوں ملکوں کے ماہرین جائزہ لے رہے ہیں۔ ملک کے مفاد میں اس کا فیصلہ کیا جائے گا۔

تقریب سے پاکستان میں چین کے سفیر ژاؤ ژنگ نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور چین سی پیک منصوبے کو مکمل کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔ سی پیک سے پورے خطہ میں خوشحالی آئے گی۔ چینی سفیر نے کہا کہ سی پیک پاک چین دوستی کا ایک اہم عنصر ہے۔ چین پاکستان اقتصادی راہداری صرف چین اور پاکستان کے درمیان تعاون بڑھانے کیلئے حکمت عملی کا نام نہیں بلکہ یہ اس پورے خطہ کی ترقی و خوشحالی کیلئے اہم کردار ادا کرے گی۔ اقتصادی راہداری سے نہ صرف دونوں ملکوں بلکہ خطہ کے دوسرے ملکوں کو بھی فائدہ پہنچے گا۔

علاوہ ازیں آئی این پی کے مطابق چین نے سی پیک منصوبے پر پاکستان کے موقف کی تائید اور اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سی پیک کی طویل مدتی منصوبہ بندی پاک چین تعلقات میں نئی جہت کا شاخسانہ ہے۔ دو طرفہ قیادت کا نقطہ نظر اور عزم خوشحال مستقبل کی نوید ہے۔ سی پیک سے منسلک مختصر منصوبے 2020ء تک، درمیانی مدت کے منصوبے 2025ء اور طویل مدتی منصوبے 2030ء تک مکمل کر لئے جائیں گے۔