لاہور : چئیرمین یونین کونسل کاہنہ و معروف تاجر حاجی بشارت نے گذشتہ روز عوامی کٹھ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی کو سی پیک نے نئی جہت عطا کی ہے۔چین کی حیران کن ترقی اقوام عالم کیلئے رول ماڈل ہے۔سی پیک کے باعث پاکستان میں ترقی کے نئے باب رقم ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ چین کے صدر شی جن پنگ کی جانب سے سی پیک کا عظیم تحفہ ہم کبھی فراموش نہیں کرسکتے۔سی پیک کے بے پناہ فوائد سامنے آنا شروع ہو چکے ہیں۔پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنانے کیلئے سی پیک ایک گیم چینجر ہے۔بعض عناصر سی پیک کے عظیم تحفے سے پریشان ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ عناصر سی پیک کے خلاف سازشیں کر رہے ہیں لیکن سی پیک کے خلاف کوئی سازش کامیاب نہیں ہوگی۔سی پیک آگے بڑھے گا اور پاکستان ترقی کرے گا۔انہوںنے کہا کہ خطے کے دیگر ممالک بھی سی پیک کے لاتعداد ثمرات سے مستفید ہوں گے۔سی پیک صرف اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کا نام نہیں بلکہ یہ ترقی و خوشحالی کا وہ روشن سفر ہے جس سے پورا خطہ فائدہ اٹھائے گااوراس عظیم الشان منصوبے کے ثمرات مستقبل کے روشن سفر کو مزید تیز کریں گے جس سے علاقائی تعاون میں اضافہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو ملک کی ترقی کسی صورت گوارا نہیں وہ ملک کو ترقی کی پٹری سے اتارنا چاہتی ہے۔
ملک پر رحم کیا جائے اور محض اپنی سیاست کی خاطر ملک کے مفاد کو قربان نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ملک کیلئے نقصان دہ ہیں، اللہ اللہ کر کے ہم صحیح سمت میں جا رہے ہیں،منفی سیاست کے ذریعے ملک کی ترقی میں رخنے اور رکاوٹیں ڈالنے والے اب کامیاب نہیں ہوں گے۔ یہ ہم سب کا پاکستان ہے، اس ملک اور عوام پر رحم کریں۔ اب پاکستان مشکلات سے نکل رہا ہے۔ اس موقع پر وائس چئیرمین ارشد رضا ایڈوکیٹ ،کونسلرز ،عرفان شاہ ، محمد سجاد ، ذولفقار ،سلمان رائے اور دیگربھی ہمراہ تھے۔
یونین کونسل کاہنہ uc247lahore@gmail.com lahore 031234828367