لاہور (جیوڈیسک) وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کے منصوبوں پر تیز رفتاری سے عملدرآمد جاری ہے، کہتے ہیں سی پیک کے منصوبے مکمل ہونے سے پاکستان کی تقدیر بدل جائے گی۔
لاہور میں وفاقی وزیر لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عبدالقادر بلوچ اور وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کے درمیان ملاقات ہوئی ، اس موقع پرمحمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں ملک کی ترقی و خوشحالی کے نئے سفر کا آغاز ہو چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کے منصوبوں پر تیز رفتاری سے عملدرآمد جاری ہے۔
سی پیک کے منصوبے مکمل ہونے سے پاکستان کی تقدیر بدل جائے گی، سی پیک پاکستان کیلئے ایک گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے۔
پاکستان میں ترقی ، خوشحالی، امن اور روشنی کا پرامید سفر شروع ہو چکا ہے جبکہ آج کا پاکستان 2013 کے مقابلے میں زیادہ محفوظ اور معاشی طور پر مستحکم ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ مفاد عامہ کے منصوبوں پر بلاجواز تنقید عام آدمی کی ترقی اور خوشحالی کی مخالفت ہے۔
عوام ماضی میں مفاد عامہ کے منصوبوں کی مخالفت کرنے والوں کو یکسر مسترد کر چکے ہیں اور بلدیاتی الیکشن میں بھی عوام نے ترقی و خوشحالی کی راہ میں رخنہ ڈالنے والوں کو رد کیا ہے۔