روات (جیوڈیسک) سابق وفاقی وزیر داخہ چودھری نثار علی خان نے روات میں جلسے سے خطاب میں کہا ہے کہ سیاست میں عزت بہت تھوڑی رہ گئی ہے، سچ اور جھوٹ میں تمیز ختم ہو گئی۔ چودھری نثار کا کہنا تھا کہ ن لیگ کی حکومت آتی ہے تو ترقی ہونے لگتی ہے، سڑکیں، ہسپتال اور سی پیک بنتا ہے، مخالفین کی حکومت آنے پر ترقیاتی کاموں کو بریک لگ جاتی ہے۔
چودھری نثار نے بتایا کہ وہ کابینہ میں شامل کیوں نہیں ہوئے اس کی چند روز میں وضاحت کرینگے۔ سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ اصل وفاداری سچ بولنے میں ہے، خوشامد میں نہیں، کسی کو سچ اچھا لگے یا نہ لگے، میں بولتا رہوں گا۔ چودھری نثار نے نواز شریف کی نااہلی پر بھی تبصرہ کیا، ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف سے وزیر اعظم کا عہدہ تو لے لیا گیا، لیڈر کا عہدہ کوئی نہیں لے سکتا، نواز شریف کو لیڈر کا عہدہ عوام نے دیا ہے۔
چودھری نثار کا مزید کہنا تھا کہ ہم اپنے جھگڑوں میں پڑے ہیں، ایک دوسرے سے گالم گلوچ میں پڑے ہیں ملک کو خطرات لاحق ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ حلقے میں ایک ہی شخص کو بار بار منتخب کیا گیا، یہ میرے اور حلقے کی عوام کیلئے بھی اعزاز ہے، اس مٹی نے 1985ء سے میرا مان رکھا ہے، اس مٹی میں وفا ہے۔