کیبل پر ٹی وی چینلز کی نشریات میں رکاوٹ برداشت نہیں، پرویز رشید

 Pervez Rasheed

Pervez Rasheed

اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات پرویز رشید نے غیر قانونی طور پر نشریات روکنے والے کیبل آپریٹرز کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی ہے۔۔ اسلام آباد سے جاری بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات پرویز رشید نے کہا کہ کیبل پر ٹی وی چینلز کی نشریات میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔

کیبل آپریٹرز کی طرف سے کسی ٹی وی چینل کی نشریات روکنا غیر قانونی اور عوام کے اطلاعات کے حق کی خلاف ورزی ہے جو کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ پیمرا ایسے کیبل آپریٹرز کے خلاف کارروائی کرے جو غیر قانونی طور پر نشریات روک رہے ہیں۔ پرویز رشید نے کہا کہ ٹی وی چینلز کی نشریات روکنا پیمرا قوانین کی صریحا خلاف ورزی ہیں اور نشریات میں تعطل اظہار رائے کی آزادی ختم کرنے کے مترادف ہے۔

پرویز رشید نے کہا کہ موجودہ حکومت اظہار رائے کی آزادی پر یقین رکھتی ہے۔ شدید ترین تنقید کے باوجود حکومت نے میڈیا کے خلاف کارروائی کا سوچا تھا نہیں۔ بے بنیاد الزامات اشتعال انگیز تقاریر نشر کرنے پر بھی کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ٹی وی چینلز کی نشریات روکنا جمہوریت روایات اور میڈیا کی آزادی کے منافی ہے۔