قاہرہ میں فلسطینی دھڑوں میں مذاکرات کے دوران مصر نے رفح کراسنگ کھول دی

Negotiations

Negotiations

قاہرہ (اصل میڈیا ڈیسک) مصر نے فلسطین کے علاقے غزہ کو دنیا سے ملانے والی اہم بری رفح کراسنک دو طرفہ آمد ورفت کے لیے کھول دی ہے۔

قاہرہ میں فلسطینی سفارت خانے کی طرف سے جاری ایک بیان میں‌ کہا گیا ہے کہ مصری حکام نے منگل کے روز رفح کراسنگ دو طرفہ آمدو رفت کے لیے کھولنے کی اطلاع دی ہے۔

سفارت خانے کا کہنا ہے کہ رفح گذرگاہ کھولنے کا فیصلہ قاہرہ میں فلسطینی دھڑوں کے مصالحتی مذاکرات کے دوران سامنے آیا ہے۔ یہ پیش رفت فلسطینی اور مصری قیادت کے درمیان ہونے والی بات چیت کا نتیجہ ہے۔ مصری حکومت نے غزہ کی پٹی سے شہریوں کی آمد ورفت کی اجازت دے دی ہے۔

ادھر سوموار کے روز قاہرہ میں شروع ہونے والے فلسطینی مصالحتی مذاکرات کا دوسرا دور منگل کو قاہرہ میں ہوا۔ بات چیت خوش گوار اور مثبت ماحول میں ہوئی ہے۔

مصری صدر عبدالفتاح السیسی کی کوششوں سے سوموار کے روز شروع ہونے والے مذاکرات میں 14 فلسطینی دھڑوں نے حصہ لیا۔

تحریک فتح کے ایک عہدیدار نے العربیہ ڈاٹ نیٹ کو بتایا کہ قاہرہ اجلاس میں فلسطین میں ہونے والے انتخابات، ان کے کامیاب انعقاد اور نتائج پر تسلیم کرتے ہوئے ان پر عمل درآمد کو یقینی بنانے پر بات چیت کی گئی۔

ادھر حماس کے ایک ذمہ دار ذریعے کا کہنا ہے کہ ہم کھلے دل کے ساتھ قاہرہ مذاکرات میں شریک ہوئے۔ ہمارا مقصد فلسطینی دھڑوں میں مصالحت اور فلسطین میں رواں سال ہونے والے انتخابات کو کامیاب بنانا ہے۔