کیلیفورنیا (جیوڈیسک) اطلاعات کے مطابق بس ایک ٹرک سے ٹکرا گئی اور ہلاک ہونے والے زیادہ تر افراد بس کے اگلے حصے کی سیٹوں پر بیٹھے ہوئے تھے۔ امریکہ کی ریاست کیلیفورنیا میں ایک ’ٹور بس‘ یعنی سیاحوں کی گاڑی کے حادثے میں 13 افراد ہلاک اور 31 زخمی ہو گئے۔
اطلاعات کے مطابق بس ایک ٹرک سے ٹکرا گئی اور ہلاک ہونے والے زیادہ تر افراد بس کے اگلے حصے کی سیٹوں پر بیٹھے ہوئے تھے۔
یہ حادثہ سیاحتی علاقے پالم سپرنگ کے قریب ایک شاہراہ پر پیش آیا۔ بتایا جاتا ہے کہ گزشتہ کئی دہائیوں میں کیلیفورنیا میں پیش آنے والا یہ مہلک ترین حادثہ ہے۔
خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹیڈ پریس‘ کے مطابق مسافروں نے عہدیداروں کو بتایا کہ بس میں سوار زیادہ تر افراد حادثے کے وقت سو رہے تھے اور ہلاک ہونے والوں میں بس کا ڈرائیور بھی شامل تھا۔
اطلاعات کے مطابق 1996 ماڈل کی بس میں سیٹ بلٹس نہیں تھیں اور نا ہی ڈیٹا ریکارڈ جس سے یہ معلوم ہو سکے کہ حادثے کے وقت بس کی رفتار کتنی تھی اور کیا ڈرائیور نے بریک لگائی تھی یا نہیں، لیکن حکام کی طرف سے اس بارے میں تاحال کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔