واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکی فضائی فوج کا کہنا ہے کہ منگل کو شمالی کیلی فورنیا میں ایک ’یو2‘ جاسوسی طیارہ گر کر تباہ ہونے کے ایک واقع میں ایک پائلٹ ہلاک جب کہ دوسرا زخمی ہوا۔
بئیل ایئر فورس کے فضائی اڈے سے تعلق رکھنے والے یہ پائلٹ ایک تربیتی مشن پر تھے کہ پرواز لینے کے فوری بعد طیارے کو حادثہ پیش آیا۔ یہ واقعہ سیکریمنٹو سے تقریباً 97 کلومیٹر شمال میں واقع سوتر بوتے کی پہاڑیوں پر پیش آیا۔
فضائی افواج نے پائلٹ کی شناخت ظاہر نہیں کی، ناہی زخمی کی حالت کے بارے میں کوئی اطلاع دی ہے۔
یو 2 طیارہ جاسوسی اور نگرانی کے لیے استعمال ہوتا ہے، جو انتہائی اونچی پرواز کی صلاحیت رکھتا ہے۔ یہ انٹیلی جنس تجزیہ کاروں اور میدانِ جنگ میں موجود کمانڈروں کے لیے تصاویر اور الیکٹرونک سگنل اکٹھے کرتا ہے۔