واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکی حکام کے مطابق ریاست کیلی فورنیا کے ایک اسکول میں ایک مسلح شخص نے ایک استاد کو گولی مار کر ہلاک کرنے کے بعد خودکشی کر لی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق فائرنگ کا واقعہ پیر کو سان برنارڈینو کے نارتھ پارک ایلیمنٹری اسکول میں پیش آیا جہاں ایک مسلح شخص نے ایک کلاس روم میں گھس کر وہاں موجود استاد کو قتل کرنے کے بعد خود کو بھی گولی مار لی۔
پولیس کے مطابق حملہ آور کی فائرنگ سے دو طلبہ زخمی بھی ہوئے ہیں لیکن تفتیشی افسران کا کہنا ہے کہ مذکورہ طلبہ حملہ آور کا نشانہ نہیں تھے بلکہ فائرنگ کی زد میں آنے کےباعث زخمی ہوئے۔
دونوں طلبہ کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے نزدیکی اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں ان کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔
سان برنارڈینو پولیس کے مطابق وہ حملہ آور اور مقتول استاد کے درمیان تعلق کی چھان بین کر رہے ہیں اور یہ جاننے کی بھی کوشش کی جارہی ہے کہ آیا دونوں کے درمیان کوئی ذاتی رنجش تو نہیں تھی۔
حکام نے صحافیوں کوبتایا ہے کہ حملہ آور نے اسکول میں داخل ہونے کے لیے خود کو مہمان بتایا تھا اور اندر آتے ہوئے اپنا ہتھیار چھپا رکھا تھا جسے اس نے کلاس روم میں پہنچ کر نکالا اور استاد پر فائرنگ کر دی۔
مقامی حکام کے مطابق فائرنگ کے وقت اسکول میں چھ سو کے لگ بھگ طلبہ موجود تھے جنہیں واقعے کے بعد بسوں کے ذریعے نزدیک واقع کیلی فورنیا اسٹیٹ یونیورسٹی منتقل کیا گیا۔
سان برنارڈینو کا شہر لاس اینجلس سے ایک گھنٹے کی مسافت پر واقع ہے۔ یہ وہی شہر ہے جہاں دسمبر 2015ء میں داعش کے پروپیگنڈے سے متاثر ایک نوبیاہتا جوڑے نے ایک سرکاری محکمے کی محفل میں فائرنگ کر کے 14 افراد کو قتل کر دیا تھا۔