تحریک طالبان پنجاب کا فیصلہ مثبت ہے، عاکف سعید

Akif Saeed

Akif Saeed

کراچی (جیوڈیسک) امیر تنظیم اسلامی حافظ عاکف سعید نے کہا ہے کہ تحریک طالبان پنجاب کا عسکری کارروائیاں ترک کر کے دعوت وتبلیغ کرنے کا عزم مثبت قدم ہے۔ یہ بات انہوں نے اپنے بیان میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ ایک اسلامی ملک میں اسلام کے نفاذ کے لیے تبلیغی اور دعوتی کا م کا آغاز ایک مبارک فیصلہ ہے اور یہ صحیح اور درست سمت میں اہم پیش رفت ہے۔

انہو ں نے عصمت اﷲ معاویہ کے اس جذبے کی بھی تعریف کی کہ وہ پاکستان میں عسکری جدوجہد میں مصروف دوسرے گروپوں سے بھی اپیل کریں گے کہ وہ پاکستان میں اسلامی نظام کے نفاذکے لیے عسکریت پسندی کا راستہ چھوڑ کر دین کی دعوت وتبلیغ کے کام کا آغاز کریں اور اپنے مسلمان بھائیوں پر طاقت کے استعمال سے گریز کریں اور سیلاب کی مصیبت میں گرفتار اپنے بھائیوں کی فوری مدد کوپہنچیں۔

حافظ عاکف سعید نے معاویہ کے ان خیالات کی بھی تائید کی کہ وسیع تر دعوتی تحریک چلانے سے باطل نظام جمہوریت کی نقاب کشائی ہوگی۔ انہوں نے اس مطالبے کو بھی انتہائی جائز قرار دیا کہ حکومت متاثرین آپر یشن کی بحالی کے لیے فوری اقدامات کرے، قبائلی بہت خوددار ہوتے ہیں انہیں دشمن کی گود میں ڈالنا دانشمندی نہیں، ان کی عزت نفس کا خیال رکھتے ہوئے ان کے نقصانات کی تلافی کی جائے۔