کراچی (جیوڈیسک) جسٹس مقبول باقر پر قاتلانہ حملے کا مبینہ ماسٹر مائنڈ بشیر لغاری اسپتال میں مرگیا۔ پولیس کہتی ہے بشیر لغاری زخمی تھا، اسپتال میں دم توڑ گیا۔ جسٹس مقبول باقر پر حملے کے ایک ملزم کو منگل کو حساس ادارے کی مدد سے گرفتار کیا گیا تھا۔ تفتیش کے دوران اس کی نشاندہی پر منگل اور بدھ کی درمیانی شب پولیس اور حساس ادارے کے اہلکاروں نے سرجانی ٹاون میں مشترکہ کارروائی کی۔
اس مقابلے میں جسٹس مقبول باقر پر حملے کا مبینہ ماسٹرمائنڈ بشیر لغاری زخمی حالت میں 2 ساتھیوں سمیت گرفتار کر لیا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق بشیر لغاری کالعدم لشکر جھنگوی کے آصف چھوٹو گروپ سے تعلق رکھتا تھا۔ امکان تھا کہ اس کی گرفتاری سے اہم انکشافات ہوں گے لیکن بشیر لغاری اسپتال میں دم توڑ گیا۔ 26 جون کو جسٹس مقبول باقر کے قافلے پر برنس روڈ کے قریب ریموٹ کنٹرول بم دھماکے میں رینجرز اور پولیس اہلکاروں سمیت 9 افراد شہید اور جسٹس مقبول باقر سمیت 18 افراد زخمی ہوئے تھے۔