مکہ مکرمہ (جیوڈیسک) لاکھوں عازمین حج منیٰ میں شب گزارنے کے بعد حج کا رکن اعظم ادا کرنے میدان عرفات پہنچ رہے ہیں، جہاں وہ مسجد نمرہ سے خطبہ حج سنیں گے اور ظہر و عصر کی نمازیں قصر کر کے ادا کریں گے۔
دنیا بھر سے آئے ہوئے 25 لاکھ سے زائد عازمین حج مناسک حج کے پہلے مرحلے میں مکہ مکرمہ سے منیٰ پہنچے تھے جہاں انہوں نے گزشتہ رات عبادت اور توبہ استغفار میں گزاری۔ اس کے بعد عازمین لبیک اللھم لبیک کی صداؤں میں حج کے سب سے اہم رکن وقوف عرفات کیلئے میدان عرفات پہنچ رہے ہیں۔
عرفات میں حجاج تاریخی مسجد نمرہ میں خطبہ حج سنیں گے اور نماز ظہر و عصر قصر کے ساتھ ادا کریں گے۔ حجاج کرام آج عرفات کی مشرقی سمت میں جبل رحمت بھی جائیں گے جہاں اللہ تعالی کے حضور عاجزی و انکساری کے ساتھ دعائیں مانگی جائیں گی۔ حجاج کرام اپنے وقوف کے دوران غروب آفتاب تک توبہ و استغفار اور نوافل کی ادائیگی میں مشغول رہیں گے۔
غروب آفتاب کے فوراً بعد حجاج کرام اپنے مناسک حج کے اگلے مرحلے پر مزدلفہ روانہ ہوں گے جہاں نماز مغرب اور نماز عشاء قصر کرکے ادا کریں گے اور رات قیام کے دوران شیطان کی رمی کرنے کیلئے کنکریاں چنیں گے۔ حجاج کرام کل 10 ذی الحج کی صبح نماز فجر کے بعد مزدلفہ سے واپس اپنے خیموں میں منیٰ آئیں گے اور بڑے شیطان کی رمی کریں گے۔