کراچی (جیوڈیسک) کراچی پولیس کو جدید کیمروں اور کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر سے منسلکہ 100 پولیس موبائلیں فراہم کر دی گئی ہیں، یہ موبائل جدید کیمروں اور کمیونی کیشن کے نظام سے مرصع ہیں۔
محافظ موبائلوں کو شہر کے حساس مقامات پر کھڑا کیا جائے گا تاکہ صورتحال کی مانیٹرنگ کرکے حالات پر قابو پایا جاسکے ،تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام قادر تھیبو کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا۔
کہ شہر میں حساس مقامات اور علاقوں کی نشاندہی کے بعد جدید کیمروں سے لیس 100 محافظ موبائلیں تینوں پولیس زونز کو فراہم کی جا رہی ہیں جو ایسے تمام مقامات پر باقاعدہ کمانڈ ایک کنٹرول سینٹر سی پی او سے لنک میں رہتے ہوئے نہ صرف نگرانی بلکہ اسنیپ چیکنگ کے عمل کو بھی مربوط اور موثر بنائیں گی۔
اجلاس میں تینوں پولیس زون کے ڈی آئی جیز ، ڈی آئی جی سی آئی ڈی محافظ فورس اور مدد گار 15 کے ایس پیز سمیت ڈائریکٹرانفارمیشن ٹیکنالوجی سی پی او کے علاوہ ڈی آئی جی ایڈمن نے شرکت کی۔
اس موقع پر انھوں نے زون سائوتھ کے لیے 30 موبائلیں زون ایسٹ کے لیے 15 موبائلیں زون ویسٹ کے لیے 15 موبائلیں جبکہ سی آئی اے کے لیے 6 محافظ موبائلیں فراہم کرتے ہوئے ڈی آئی جیز کو ہدایت کی کہ۔
موبائلوں میں نصب جدید کیمروں کی ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے متعلقہ علاقوں میں حساس مقامات پر نہ صرف اسنیپ چیکنگ اور گشت بلکہ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر پر تعینات ڈی ایس پیز موبائلوں کی مانیٹرنگ کے بعد دی جانیوالی اطلاعات پر ہدایات بھی جاری کریں۔
شہر میں قائم مددگار 15 کی کارکردگی میں بہتری کے لیے مثبت کوششیں کی جائیں، شہریوں کے ٹیلی فون کالز پر کارروائی کے وقت کو کم سے کم کر کے شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے ، تمام ڈی آئی جیز، مدد گار 15 اور محافظ فورس سے رابطے کو یقینی بنائیں اور مدد گار 15 اور دیگر ذرائع سے پولیس کیخلاف موصولہ شکایات پر کارروائی کریں۔