اوٹاوا (جیوڈیسک) کینیڈا بھارت کو رواں سال سے3 ہزار میٹرک ٹن یورینیم فراہم کرنے پر رضامند ہو گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت کے ری ایکٹرز کو یورینیم کی فراہمی کا معاہدہ 5 سال کیلیے ہوا ہے اور اس کی مالیت 35 کروڑ امریکی ڈالر ہے۔ دونوں ممالک نے ایک نئی اسٹرٹجیک پارٹنرشپ پر رضامندی ظاہر کی ہے، یاد رہے کہ انڈیا اور کینیڈا میں سول جوہری ڈیل 2013 میں ہوئی تھی تاہم 2سال کے طویل مذاکرات کے بعد اسے عملہ جامہ پہنانے کیلیے معاہدے پر دستخط ہوئے ہیں۔
بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اس وقت کینیڈا کے دورے پر ہیں اور گزشتہ 42 سال کے دوران کسی بھارتی وزیراعظم کا کینیڈا کا پہلا دورہ ہے، اپنے دورے کے دوران بھارتی وزیر اعظم نے کینیڈین ہم منصب اسٹیفن ہارپر کے ساتھ کامیاب مذاکرات کیے ہیں۔اس حوالے سے دونوں وزرائے اعظم کا ایک مشترکہ بیان جاری کیا گیا ہے۔
جس کے مطابق دونوں ممالک یورینیم سپلائی ڈیل پر رضامند ہوگئے ہیں، کینیڈا کی کامیکو کارپوریشن اگلے5 سال تک بھارتی ری ایکٹرز کیلیے لاکھوں ڈالر مالیت کا یورینیم فراہم کرے گی۔
یورینیم کی فراہمی اسی سال شروع ہو جائیگی، بھارتی وزیراعظم مودی کا کہنا ہے کہ 35 کروڑ ڈالر کے معاہدہ سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ دونوں ممالک میں باہمی اعتماد اور بھروسہ کس بلندی پر گیا ہے۔ مودی نے اعلان کیا کہ کینیڈینز کو آن لائن ویزہ جاری کردیا جایا کریگا اور ویزہ 10 سال کیلیے ہو گا،جی 20 میں بھی ہماری پارٹنرشپ جاری رہے گی۔
کینیڈا ہمارا قدرتی اتحادی ہے، کینیڈا کا درد ہمارا درد ہے جب کینیڈا میں دہشت گردی کا واقعہ ہوا تھا تو ہم نے بہت تکلیف محسوس کی تھی، کینیڈا زندگی کے ہر شعبے میں ہمارا پارٹنربن سکتا ہے۔