کینسر ہسپتال کی تعمیر آئندہ برس شروع ہو جائیگی:سلمان رفیق

Salman Rafique

Salman Rafique

لاہور (جیوڈیسک) مشیر وزیراعلیٰ پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ لاہور میں آئندہ سال کینسر ہسپتال کی تعمیر کے منصوبے پر کام شروع کر دیا جائے گا جس کے لئے وزیراعلیٰ نے 20 ایکڑ زمین نالج پارک سے ملحقہ بیدیاں روڈ پر مختص کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال محکمہ صحت نے خون کے سرطان میں مبتلا مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی کے پراجیکٹ کا آغاز کیا تھا جس کے تحت 18 سو مریضوں کو کینسر کی ادویات مفت فراہم کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے یہ بات گزشتہ روز ورلڈ کینسر ڈے کے موقع پر پنجاب میں خون کے سرطان کے مریضوں کے مفت علاج کے لئے شروع کئے گئے پراجیکٹ کی کامیابی کا سال مکمل ہونے پر مقامی ہوٹل میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب میں سیکرٹری ہیلتھ جواد رفیق ملک، پروفیسر محمود شوکت، نووارٹس فارما کے شفیق احمد، پروفیسر اعجاز شاہ، پروفیسر اکرم، طبی ماہرین، ڈاکٹرز اور سرطان کے زیر علاج مریضوں نے بھی شرکت کی۔