کینسر میں مبتلا ہونے کی افواہوں پر شاہد کپور کا ردعمل

Shahid Kapoor

Shahid Kapoor

ممبئی (جیوڈیسک) بالی وڈ اداکار شاہد کپور کے کینسر میں مبتلا ہونے سے متعلق افواہیں گزشتہ روز سوشل میڈیا پر سرگرم رہیں تاہم اب انہوں نے اس کی وضاحت کر دی ہے۔

شاہد کپور کے پیٹ کے کینسر میں مبتلا ہونے کی خبریں گزشتہ روز منظر عام پر آئیں جب کہ سوشل میڈیا پر ان کے مداحوں کی جانب سے بیانات سامنے آئے اور انہوں نے ہمدردی کا اظہار کیا۔

کینسر کی خبر سامنے آنے پر شاہد کپور کے والدین نے بھی ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اس قسم کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیا تاہم اب شاہد کپور کی جانب سے بھی بیان سامنے آگیا ہے۔

شاہد کپور نے سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں مداحوں کو کہا کہ وہ مکمل طور پر صحتمند ہیں اور لوگ ان سے متعلق پھیلائی جانے والی افواہوں پر یقین نہ کریں۔

یاد رہے کہ 37 سالہ اداکار شاہد کپور نے 2003 میں فلم ‘عشق وشق’ سے اپنے فلمی کیرئیر کا آغاز کیا جس پر انہیں فلم فیئر ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔

شاہد کپور 2 درجن سے زائد فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں، جن میں چپ چپ کے، پدماوت، رنگون، ویلکم ٹو نیویارک، اڑتا پنجاب، تیری میری کہانی، حیدر، شاندار، چانس پے ڈانس اور دیگر شامل ہیں۔