مسلم لیگ ن کے امیدوار کو ووٹ دینے والے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمینز کی رکنیت معطل

Election

Election

فیصل آباد : بلدیاتی انتخابات کے آخری مرحلہ میں پارٹی پالیسی سے انحراف اور مسلم لیگ ن کے امیدوار کو ووٹ دینے والے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمینز کی رکنیت معطل کر دی گئی ہے۔ رکنیت معطل کا سامنا کرنیوالوں میں ممتاز علی چیمہ اور دیگر شامل ہیں۔ سٹی صدر ڈاکٹر اسد معظم کے مطابق میئر کے انتخاب کیلئے تمام چیئرمینز کو 21دسمبر کے روز ایک اجلاس میں مرکزی ترجمان نعیم الحق کا پیغام پہنچایا گیا تھا جس کے مطابق کوئی پی ٹی آئی چیئرمین مسلم لیگ ن کے امیدوار کو ووٹ نہیں دے گا مگر ان چیئرمینز نے اس پیغام کو ہوا میں اڑاتے ہوئے نہ صرف مخالف امیدوار کو ووٹ دیئے بلکہ ممتاز علی چیمہ سمیت دیگر چیئرمینز رانا ثناء اﷲ کے کیمپ میں بیٹھے رہے جس کا چیئرمین عمران خان نے سخت نوٹس لیتے ہوئے ان سب کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی جس کے بعد ممتاز علی چیمہ اور بائو یعقوب سمیت دیگر کی رکنیت معطل کرتے ہوئے انکوائری کمیٹی کے چیئرمین ومرکزی سیکرٹری اطلاعات نعیم الحق نے ویسٹ ریجن پنجاب کے صدر چوہدری اشفاق کی ہدایت کی ہے کہ ان سب کو شوکاز نوٹسز بھجوائے جائیں۔

انکوائری کمیٹی ان تمام محرکات کا جائزہ لے گی کہ پی ٹی آئی کے چیئرمینز نے نہ صرف میئر کے انتخاب بلکہ مخصوص نشستوں کے الیکشن میں بھی اپنے امیدواروں کو ووٹ کیوں نہیں دیئے تھے۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ممتاز علی چیمہ کو تحریک انصاف کی جانب سے میئر اور لکی شاہ کو ڈپٹی میئر کا ٹکٹ جاری کیا گیا تھا جس کے بعد انہیں انتخابی نشان بلا الاٹ ہوا تاہم الیکشن کے روز ممتاز چیمہ’ ڈاکٹر حسن مسعود جو کہ سٹی تنظیم کے جنرل سیکرٹری بھی ہیں انہوں نے پارٹی پالیسی سے انحراف کرتے ہوئے ن لیگ کو ووٹ کاسٹ کیا۔ سٹی صدر ڈاکٹر اسد معظم کے مطابق جو لوگ پارٹی کیساتھ وفادار نہیں وہ کسی اور کے ساتھ بھی نہیں ہو سکتے لہٰذا پارٹی کے ٹکٹ پر کامیاب ہو کر پارٹی کیساتھ بیوفائی کرنیوالوں کا سخت محاسبہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان (ن) لیگ کی قیادت کی کرپشن کیخلاف میدان جہاد میں نکلے ہوئے ہیں مگر چند لوگ ان کی جدوجہد کو سبوتاژ کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں وہ کسی صورت بھی قبول نہیں۔