گوجرانوالہ : تحریک انصاف کے سینئر رہنما بیرسٹر عادل سلیم خاں نے کہا ہے کہ کنٹونمنٹ بورڈ الیکشن میں تحریک انصاف کی واضح فتح عمران خان کی قیادت پر عوام کا اعتماد ہے، عوام نے بھرپور انتخابی عمل میں حصہ لے کر اپنے ووٹ کی طاقت سے حکمرانوں کو بتا دیا کہ اب تمہاری باریاں ختم ہو چکی ہیں، انشاء اللہ بلدیاتی الیکشن میں تحریک انصاف پورے ملک میں کلین سویپ کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چاندنی چوک ماڈل ٹائون میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف ملک میںایسا نظام لائے گی جس میں غریب اور امیر کا فرق مٹ جائے گا، کنٹونمنٹ بورڈ میں 43 ممبران کا کامیاب ہونا تحریک انصاف کی بہت بڑی فتح ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان واحد لیڈر ہے جو ملک اور عوام کو مشکلات سے نجات دلا سکتا ہے، ظالم حکمرانوں سے چھٹکارے کے لئے عوام تحریک انصاف کے پرچم تلے جمع ہوں،انشاء اللہ ہم مایوس نہیں کریں گے۔ تقریب سے علی رضا تبسم، راشد انصاری ودیگر نے بھی خطاب کیا۔