اسلام آباد (جیوڈیسک) ملک بھر میں 25اپریل کو ہونے والے کنٹونمنٹ بورڈز کے بلدیاتی انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی کی وصولی کا سلسلہ آج سے شروع ہوگا۔
جو منگل تک جاری رہے گا، الیکشن کمیشن کے مطابق کاغذات نامزدگی 29 سے 31 مارچ تک جمع کرائے جاسکتے ہیں۔ 2 سے 4 اپریل تک جمع کرائے گئے کاغذات کی جانچ پڑتال اور 6 اپریل تک کاغذات مسترد ہونے پر اعتراضات دائر کیے جا سکتے ہیں۔
9اپریل کو اپیلوں پر فیصلے دیے جائیں گے، جبکہ 10اپریل کو امیدوار کاغذات نامزدگی واپس لے سکتے ہیں۔ 11اپریل کو امیدواروں کو انتخابی نشان الاٹ کیے جائیں گے، ملک کے کئی شہروں میں قائم 42 کینٹ بورڈز میں ایک سو ننانوے وارڈز تشکیل دیے گئے ہیں اور ہر وارڈ کی ایک جنرل نشست پر انتخاب کرایا جائے گا۔ صوبہ خیبر پختونخوا کے 10 کنٹونمنٹ ایریاز میں 30 وارڈز بنائے گئے ہیں۔
صوبہ پنجاب میں 21 کنٹونمنٹ بورڈ کے لیے 116 وارڈز، صوبہ سندھ کے 8 کنٹونمنٹ بورڈ میں44 وارڈ اور صوبہ بلوچستان میں قائم تین کنٹونمنٹ بورڈ میں 9 وارڈ بنائے گئے ہیں، کنٹونمنٹ بورڈز میں جنرل نشستوں پر انتخابات 25 اپریل کو کرائے جائیں گے۔